اسلام آباد: جمہوریہ مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو پاکستان کا سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد آج اسلام آباد سے وطن واپس روانہ ہو گئے۔
دفتر خارجہ کے مطابق ان کے ہمراہ خاتون اول محترمہ ساجدہ محمد اور اعلیٰ سطح کا وفد بھی تھا۔
دورے کے دوران صدر محمد معیزو نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اہم اور نتیجہ خیز ملاقاتیں کیں۔
اس موقع پر مختلف شعبوں میں معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ ہوا۔
دورے کے دوران پاکستان اور مالدیپ بزنس فورم کا بھی کامیاب انعقاد کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق بزنس فورم سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور باہمی فائدہ مند تعاون کے نئے راستے کھلے ہیں۔
پاکستان اور مالدیپ کے درمیان 60 سالہ سفارتی تعلقات کے موقع پر ہونے والا یہ تاریخی دورہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور اسلامی اخوت کے پائیدار رشتوں کی توثیق کرتا ہے۔
دورے نے مضبوط، وسیع اور مستقبل پر مبنی شراکت داری کی تعمیر کے مشترکہ عزم کو بھی اجاگر کیا۔

