وزیر خزانہ سینیٹر محمد اور نگزیب نے کہا ہے کہ سعودی عرب کےساتھ 3 ارب ڈالر قرض رول اوور ہوچکا ہے، سعودی عرب کی طرف سےمزید سپورٹ کی فی الحال ضرورت نہیں ہے، ہمارے پاس 3 ماہ کا امپورٹ کور موجود ہے ۔
اسلام آباد: پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کےقرض کا معاملہ مناسب وقت تک کے لیے مؤخر ہوگیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ان کی سعودی وزیر خزانہ سے بہت اچھی میٹنگ بھی ہوئی، سعودی عرب کےساتھ جس طرح کے ہمارے تعلقات ہیں اس میں ہمیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب کی طرف سےمزید سپورٹ کی فی الحال ضرورت نہیں ہے، ہمارے پاس 3 ماہ کا امپورٹ کور موجود ہے ۔
وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ہم نے ہرسال تقریباً ڈیڑھ ارب یورو بانڈ کی پیمنٹ کرنی ہے، ہماری کوشش ہے کہ یورو بانڈ کی پیمنٹ کے لیے کوئی بھی انتظامیہ ہواس کو مشکل پیش نہ آئے ۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا یہ بھی کہنا تھا کہ آئی ایم ایف بورڈ سے اگلی قسط کی منظوری دسمبر میں ہونے کا امکان ہے ۔

