گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں گورنر راج کے نفاذ کی بنیادی وجہ خود پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پالیسیاں ہیں، تاہم صورتحال معمول پر آتے ہی اسے ختم کر دیا جائے گا ۔
پشاور میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ صوبے کے حالات قابو سے باہر ہو رہے تھے جس کے پیش نظر یہ اقدام ناگزیر تھا، لیکن استحکام واپس آتے ہی گورنر راج ہٹا لیا جائے گا ۔
انہوں نے واضح کیا کہ امن و امان کا قیام اور دہشت گردی کا خاتمہ ہماری پہلی ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔
رہنما پی ٹی آئی شوکت یوسفزئی کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ان کا اپنا "سافٹ ویئر” بالکل درست کام کر رہا ہے، البتہ پی ٹی آئی کے ترجمان کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہو چکا ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ اب میڈیا پر دکھائی دیتے ہیں، ان کی جماعت نے انہیں ناشائستہ زبان استعمال کرنے کی تربیت نہیں دی ۔
سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ مولانا کا تعلق ان کے آبائی علاقے سے ہے اور وہ ان کا بے حد احترام کرتے ہیں، لیکن اگر ان کی کوئی بات نامناسب ہو تو اس پر تنقید بھی کی جائے گی ۔
انہوں نے نشان دہی کی کہ مولانا فضل الرحمان کو ریاست اور شہداء سے متعلق چند امور پر تحفظات تھے، تاہم پی ٹی آئی قیادت ماضی میں مولانا کے خلاف جو زبان استعمال کرتی رہی ہے، اس پر انہیں معافی مانگنی چاہیے ۔
سیکیورٹی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ گزشتہ چالیس دنوں سے صوبے بھر میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ حال ہی میں پشاور کے نواح میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن میں دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ہے، خطے میں پائیدار امن کے لیے خفیہ معلومات پر مبنی یہ آپریشنز آئندہ بھی جاری رہیں گے ۔
آخر میں گورنر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور پولیس باہمی اشتراک اور عوامی حمایت سے دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں ضرور سرخرو ہوں گے اور خیبر پختونخوا کو ایک بار پھر امن کا گہوارہ بنایا جائے گا ۔

