پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ پر مشتمل ‘مکہ دفاعی معاہدے’ کی سٹریٹجک، سیاسی و دفاعی کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کے اختتام پر تینوں برادر ممالک کی جانب سے ایک جامع مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے، اجلاس کے بعد جاری اعلامیے مین سعودی عرب کے دفاع کا عزم کیا گیا ہے ۔
علاقائی سلامتی اور باہمی عزم:۔
اجلاس میں خطے کی تیزی سے بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ تینوں ممالک نے علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے اپنی مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کو دہرایا ۔
شرکا نے واضح کیا کہ وہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے بنیادی اصولوں اور اہداف کی تکمیل، اجتماعی دفاع، باہمی یکجہتی اور ہر رکن ملک کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے مکمل احترام پر کاربند رہیں گے ۔
گزشتہ فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ:۔
کمیٹی نے 31 اگست 2026 کو استنبول میں ہونے والے افتتاحی اجلاس اور 5 اکتوبر 2026 کو ریاض میں منعقدہ ہنگامی اجلاس کے دوران کیے گئے فیصلوں پر ہونے والی پیش رفت کا باریک بینی سے جائزہ لیا ۔
اس موقع پر ان فیصلوں کو باقاعدہ ادارہ جاتی شکل دینے اور تینوں ممالک کے قومی قوانین کے دائرے میں رہتے ہوئے اجتماعی دفاعی وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ۔

سیکرٹریٹ کا قیام اور ادارہ جاتی رابطہ کاری:۔
اجلاس میں سعودی عرب میں مجوزہ سیکرٹریٹ کے قیام اور اسے فعال بنانے کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت کو سراہا گیا، کمیٹی نے اس بات پر زور دیا کہ اتحاد کے ادارہ جاتی امور کو منظم انداز میں چلانے اور تینوں ممالک کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کے لیے یہ سیکرٹریٹ کلیدی کردار ادا کرے گا ۔
حوثی حملوں کی مذمت اور دفاعی معاونت:۔
کمیٹی نے سعودی عرب میں شہری آبادی اور سول تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حوثی ملیشیا کے حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ معاہدے میں شامل اجتماعی دفاع کی دفعات کے تحت سعودی عرب کی سلامتی کے تحفظ اور دفاعی معاونت کے لیے مشترکہ اقدامات کو مزید تیز کیا جائے گا ۔
دفاعی صنعت اور تکنیکی تعاون:۔
مشترکہ اعلامیے میں تینوں ممالک کے مابین دفاعی صنعتوں کے فروغ، مشترکہ تکنیکی ترقی، عسکری تربیت اور استعداد کار بڑھانے کے شعبوں میں تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے پر اتفاق کیا گیا، تاکہ مشترکہ سکیورٹی چیلنجز کا مؤثر مقابلہ کیا جا سکے اور خطے میں پائیدار امن کو یقینی بنایا جا سکے ۔
اجلاس کے بعد وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی گفتگو: ۔
اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ کمیٹی پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور چیفس آف ڈیفنس فورسز و جنرل اسٹاف پر مشتمل ہے ۔
انہوں نے کہا کہ آج ہونے والے اجلاس میں انہوں نے وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف اور چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ پاکستان کی نمائندگی کی ۔
سعودی عرب کے اعلیٰ سطح کے وفد میں سعودی وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی شامل تھے۔ اسی طرح ترکیے کے اعلیٰ سطح کے وفد میں ترک وزیرِ خارجہ ہاکان فیدان، وزیرِ قومی دفاع یاشار گولر اور چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلجوق بیرقدار اوغلو شریک ہوئے ۔


