نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ مذاکرات کے لیے حکومتی اور اپوزیشن کی کمیٹیاں بنائی جائیں، حکومتی کمیٹی وزیراعظم شہباز شریف، نواز شریف اور صدر مملکت بنائیں جب کہ اپوزیشن کی کمیٹی کی تشکیل کیلئے قیدیوں سے ملاقات کے لیے مواقع فراہم کیے جائیں ۔
اسلام آباد میں نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے زیر اہتمام قومی ڈائیلاگ کا انعقاد کیا گیا،جس میں سیاسی جماعتوں، وکلا اور دانشوروں کی پہلی نشست ہوئی، قومی کانفرنس میں جماعت اسلامی،ایم کیو ایم سمیت دیگر سیاسی جماعتوں نے شرکت کی ۔
کانفرنس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سابق گورنر عمران اسماعیل، لیاقت بلوچ، وسیم اختر، بیرسٹر سیف، محمود مولوی، سابق اپوزیشن لیڈر سینیٹ ڈاکٹر وسیم شہزاد، بانی پی ٹی آئی کے بہنوئی حفیظ اللہ نیازی، شاہد خاقان عباسی، جنرل (ر) نعیم لودھی، لیاقت بلوچ، وسیم اختر، شیر افضل مروت اور دیگر نے شرکت کی ۔
ڈائیلاگ میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا طریقہ کار اور درجہ حرارت میں کمی کی تجاویز پیش کی گئیں، فواد چوہدری نے اعلامیہ پڑھ کر سنایا ۔
نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ صدر پاکستان، نواز شریف اور وزیر اعظم پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے، کمیٹی سیاسی قیدیوں کے ساتھ مل کر ڈائیلاگ کمیٹی کو بڑھائے ۔
اعلامیہ کے مطابق سینیٹ اور قومی اسمبلی میں فوری طور پر اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی کرے، خواتین سیاسی ورکروں کو فوری طور پر بحال کیا جائے، سیاسی کارکنان کی رہائی کے بعد حکومت پر مذاکرات کا اعتماد بڑھے گا ۔
نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ میڈیا کی سنسر شپ کو ختم کیا جائے اور سیاسی افراد پر مقدمات ختم کیے جائیں ۔
نیشنل ڈائیلاگ میں بات چیت کے عمل کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا، شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی، نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کا آئندہ اجلاس ملتان میں ہو گا ۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ سیاسی طور پر ملک میں تقسیم ہے اعتماد کی فضاء قائم کرنے کی ضرورت ہے، ایک بداعتمادی یہ بھی ہے کہ بانی پی ٹی آئی جیل سے باہر نکل کر سیاسی عدم استحکام پیدا کریں گے اس لیے رکاوٹیں ڈالی جاتی رہی ہیں، سازگار ماحول پیدا کرنا انتہائی ضروری ہے ۔
شیر افضل نے مزید کہا کہ میں پی ٹی آئی سے منتخب ہوا ہوں، میں نہ مانوں والی سوچ نے پارٹی کو اس حال پر پہنچایا، آپ ن لیگ کے ساتھ نہیں بیٹھنا چاہتے، آپ کو اے این پی، پیپلز پارٹی اور فواد چوہدری سے کیا مسئلہ ہے؟

