ایشیا کپ 2025 کے پہلے ہی میچ میں افغانستان نے ہانگ کانگ کو 94 رنز سے شکست دے کر شاندار آغاز کردیا ۔افغانستان کے 189 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 94 رنز بناسکی ۔
ابوظہبی میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں افغانستان کے کپتان راشد خان نے ہانگ کانگ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔
افغانستان نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 188 رنز بنائے، صدیق اللہ 73 رنز بناکر نمایاں رہے، عظمت اللہ نے جارحانہ 53 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ محمد نبی نے 33 رنز سکور کیے، رحمان اللہ گرباز 8، ابراہیم زادران 1، گلبدین 5 اور کریم جنت 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔
ہانگ کانگ کی جانب سے آیوش شکلا اور کنچت شاہ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں ، 189 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں صرف 9 وکٹوں پر 94 رنز ہی بناسکی ۔
بابر حیات 39 اورکپتان یاصم مرتضیٰ 16 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، باقی کوئی بھی بیٹر ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا ۔
افغانستان کی جانب سے فضل حق فاروقی اور گلبدین نائب نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عظمت اللہ ، راشد خان اور نور احمد نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ، شاندار اننگز اور ایک وکٹ لینے پر عظمت اللہ عمرزئی میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔