افغانستان کی طالبان حکومت نے داڑھی نہ رکھنے پر 280 سے زائد سکیورٹی اہلکار ملازمت سے برطرف کر دئیے۔ یاد رہے کہ طالبان نے حکومت سنبھالنے کے بعد بغیر داڑھی والے سرکاری ملازمین کیلئے نئی ہدایات جاری کی تھیں۔
ہدایات میں تمام سرکاری محکموں کے ملازمین کو داڑھی نہ منڈوانے اور مقامی لباس پہننے کا کہا گیا تھا۔ رپورٹس کے مطابق منگل کو طالبان حکومت کی وزارت امر بالمعروف و نہی عن المنکر نے اپنی سالانہ رپورٹ میں بتایا کہ داڑھی نہ رکھنے پر سکیورٹی فورسز کے 280سے زائد اہلکاروں کو برطرف کر دیا گیا ہے۔
وزارت میں منصوبہ بندی اور قانون سازی کے ڈائریکٹر محیب اللہ مخلص کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز میں داڑھی نہ رکھنے والے اہلکاروں کو خصوصی طور پر شناخت کیا گیا اور پھر میں انہیں برطرف کر دیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ سال افغانستان میں 13 ہزار سے زائد افراد کو غیر اخلاقی حرکات کے الزام میں حراست میں بھی لیا گیا تھا۔