پنجاب اورخیبرپختونخوا میں تعلیمی ادارے آج سے کھل گئے

کرونا وائرس کے کیسز میں کمی کے بعد پنجاب اور خیبر پختونخوا میں تعلیمی اداروں کو سخت ایس او پیز کے تحت آج بروز پیر 31 مئی سے کھول دیا گیا ہے۔

پنجاب اور خیبر پختونخوا میں دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات کی تیاری کیلئے تعلیمی ادارے کھولے گئے ہیں۔ کوئٹہ میں بھی کالجز اور ٹیکنیکل تعلیمی ادارے آج سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جب کہ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کی تاریخ کا اعلان بھی آج کیا جائے گا۔

وزیر تعلیم پنجاب مراد راس کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں کو ایک دن میں 50 فیصد طلبہ کو بلانے کی اجازت ہوگی۔ دوسری جانب محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبر پختونخوا کے اعلامیے کے مطابق 5 جون کے بعد اساتذہ اور عملہ بغیر ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے کالجز نہیں آسکیں گے۔

کے پی محکمہ تعلیم کے جاری اعلامیے کے مطابق صوبے میں آج سے کالجز میں تعلیم و تدریس کا عمل شروع کیا جارہا ہے۔واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے فیصلے کے مطابق دسویں سے بارہویں جماعت کے امتحانات 23 جون اور 29 جولائی کو ہونگے۔ کرونا وائرس کی احتیاطی تدابیر کے ساتھ آج سے دسویں اور بارہویں جماعتوں کو مرحلہ وار کھولنے کی اجازت دی گئی۔

اجلاس میں تعلیم کے شعبے کے محفوظ تسلسل کو یقینی بنانے کیلئے اگلے مہینے کی دس تاریخ تک شعبہ تعلیم کے عملے کو ویکسین لگانے کی منظوری دی گئی۔ این سی او سی نے اجلاس میں ملک کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا تاہم انہوں نے سندھ میں کرونا وائرس پھیلنے کے حوالے سے خبر دار کیا۔

Comments (0)
Add Comment