رواں سال مزید 12 لاکھ افراد کے بے روزگار ہونے کا خدشہ ہے، سابق وزیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ پاشا

ماہر معیشت اور سابق وزیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ پاشا نے خبردار کیا ہے کہ رواں سال 12 لاکھ افراد کے بے روزگار ہونے کا خدشہ ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حفیظ پاشا کا کہنا تھا کہ پچھلے سال مجموعی مقامی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرحِ نمو غلط بتائی گئی، پچھلے سال جی ڈی پی کی شرحِ نمو 3.3 فیصد کے بجائے 1.9 فیصد تھی۔

انہوں نے خبردار کیا ہے کہ رواں سال 12 لاکھ افراد کے بے روزگار ہونے کا خدشہ ہے اور اندازہ یہ ہے کہ پچھلے سال 10 لاکھ افراد بے روزگار ہوئے یوں 2 سال میں 22 لاکھ افراد بے روزگار ہوجائیں گے۔

ماہر معیشت کا کہنا تھا کہ پچھلے سال حکومت نے اسٹیٹ بینک سے 3 ہزار ارب روپے کا قرضہ لیا  اور ایڈوانس میں سال ختم ہونے سے پہلے 1200 ارب قرضہ لے لیا، اس لیے کہ آئی ایم ایف کا پروگرام آنا تھا اور اس کی شرائط میں شامل تھا کہ آپ اسٹیٹ بینک سے ایک پیسہ نہیں لے سکتے۔

خیال رہے کہ ملک میں مہنگائی کا جن بے قابو ہوگیا ہے اور رواں سال کے پہلے مہینے میں مہنگائی کی شرح 14.6 فیصد رہی جو کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت میں سب سے زیادہ ہے۔

Comments (0)
Add Comment