گلگت بلتستان کے ضلع استور کے علاقے برزل ٹاپ پر برفانی تودے گرنے کے باعث حادثہ پیش آیا ہے جس میں ایک افسر، ایک سپاہی اور ایک سول آپریٹر شہید ہو گئے ۔
گلگت( ندیم خان) گزشتہ شب تقریباً تین بجے کے قریب گلتری بینڈ کے مقام پر حادثہ اس وقت پیش آیا، جب سڑک پر برف ہٹانے کا کام جاری تھا، اچانک برفانی تودہ گرنے کے باعث ایک افسوسناک حادثہ رونما ہوا ۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پاک فوج کی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور مشکل موسمی و زمینی حالات کے باوجود ریسکیو آپریشن بلا تاخیر انجام دیا، ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام میتوں کو نکال لیا ۔
اس حادثے میں پاک فوج کے کیپٹن اسمد، سپاہی رضوان اور سول آپریٹر محمد عیسیٰ خان نے وطن اور عوام کی خدمت کے دوران اپنی جان قربان کر دی ۔
یہ شہداء اپنی بہادری، قربانی اور فرض شناسی کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے ۔
تمام شہداء کی میتیں تدفین کے لیے ان کے آبائی علاقوں کی جانب روانہ کی جا رہی ہیں، جہاں انہیں فوجی اعزازات کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا ۔

