پشاور (شوبز ڈیسک) معروف اداکار اور گلوکار ازان سمیع خان نے کہا ہے کہ ان کے والد عدنان سمیع کا بھارتی شہریت لینے کا فیصلہ ذاتی تھا، لیکن وہ اس فیصلے کو درست نہیں سمجھتے۔ ایک فلمی جریدے کو دیے گئے انٹرویو میں ازان سمیع خان نے بتایا کہ اکثر لوگ انہیں اکساتے ہیں کہ وہ اپنے والد کے خلاف بیان دیں، مگر وہ ایسا کبھی نہیں کریں گے کیونکہ عدنان سمیع ان کے والد ہیں اور والدین کے رشتے کی اپنی ایک سچائی ہوتی ہے۔
ازان سمیع خان نے کہا کہ ان کا اپنے والد سے ہمیشہ رابطہ رہا ہے اور یہ تعلق آئندہ بھی قائم رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر شخص کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ اپنی زندگی اپنی مرضی کے مطابق گزارے۔ اختلافات اپنی جگہ ہوتے ہیں لیکن خون کے رشتے کبھی نہیں ٹوٹتے اور یہ رشتے انسان کی اصل پہچان ہوتے ہیں۔