وزیراعظم شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر الہام علییوف سے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں ملاقات کی، اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا، وزیراعظم نے بھارت کے خلاف جنگ میں حمایت کرنے پر صدر علییوف کا شکریہ بھی ادا کیا ۔
یہ ملاقات اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی، وزیراعظم نے اجلاس کی مثالی میزبانی پر صدر الہام علییوف کو مبارکباد پیش کی اور آذربائیجان کے شہر لاچین کے حالیہ دورے کے دوران پاکستانی وفد کی پرتپاک میزبانی پر شکریہ ادا کیا ۔
وزیراعظم نے بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کی حمایت پر صدر علییوف اور آذربائیجان کے عوام کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بھی ہمیشہ آذربائیجان کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے ۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے جاری منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور تجارت و سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ۔
دونوں رہنماؤں نے اقتصادی شراکت داری کو وسعت دینے اور باہمی سرمایہ کاری کے امکانات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا،وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر صدر الہام علییف کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دہرائی ۔