بنوں کے علاقے ڈومیل مہاجر کیمپ کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے امن کمیٹی کے رکن خواجت اللہ جاں بحق جبکہ ان کے کزن نسیم اللہ شدید زخمی ہوگئے۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب خواجت اللہ دکان سے سامان خرید رہے تھے۔ جاں بحق اور زخمی افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب بنوں کے علاقے چشمی، کمپنی روڈ پر ڈومیل پولیس کی موبائل وین پر دہشت گردوں کے حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
پولیس کے مطابق ایس ایچ او صدر نواز خان معمول کے گشت پر تھے کہ دہشت گردوں نے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں پولیس اور حملہ آوروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے دوران دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔
ایک اور واقعے میں تھانہ میریان کی حدود میں خیسور رابطہ پل کو بارودی مواد سے اڑا دیا گیا۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے پل کے ساتھ بارودی مواد نصب کیا تھا، جبکہ اس سے قبل بھی پل کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جا چکی تھی۔

