رمضان المبارک سے قبل مہنگائی نے عوام کے ہوش اڑا دیئے ۔روزہ داروں سمیت تمام شہری ضروری اشیا خریدنے کے لئے سر پکڑکر بیٹھ گئے ۔بنیادی چیزیں بھی ان کی پہنچ سے دور ہو گئیں
ملک کے مختلف اضلاع میں عوام مہنگائی کا رونا روتے نظر آرہے ہیں۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ریٹ لسٹ پر عمل درآمد نہ کروایا جاسکا،ڈپٹی کمشنر،اسسٹنٹ کمشنرز نے روایتی اندازمیں جرمانے کر کے جان چھڑا لی کوئی موثر لائحہ عمل نہ بنا سکے۔ اشیا خوردونوش کی قیمتوں کو اس وقت پر لگے گئے ہیں شہریوں کا کہنا ہے کہ رمضان سے ایک دن قبل صورتحال قابو میں نہیں ہے تو رمضان میں کیا حال ہو گا۔منافع خوروں نے پرائس کنٹرول لسٹ کو ہو ا میں اڑا دیا۔پیاز تین سو ،ٹماٹر دو سو روپے فی کلو میںفروخت ہونے لگا۔
شملہ مرچ عوام کی پہنچ سے دور ہوگئی اورایک دن میں قیمت دو سو روپے سے سات سو روپے تک جا پہنچی ۔لہسن ایک ہزار ،ادرک چھ سو روپے اور ہری مرچ پانچ سو روپے فی کلوتک فروخت ہورہی ہے ۔ گائے کا گوشت 14سو روپے اور مرغی کا گوشت 7سو روپے میں فروخت ہو تا رہا دیگر ضروری اشیا میں لیموں 5سو ،کینو 4سو روپے فی درجن اور کیلا ڈھائی سو روپے میں فروخت ہورہاہے ۔جبکہ دیگر اشیاکی قیمتیں بھی لوگوں کی خرید سے باہر رہیں۔