ٹی 20 ورلڈ کپ کے اہم ترین میچ میں بھارت نے پاکستان کو جیت کے لیے 176 رنز کا ہدف دیا ہے، بھارتی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، بھارت کے ایشان کشن نے 77 رنز سکور کیے، مقررہ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا بڑا میچ کولمبو میں جاری ہے، پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا ۔
بھارتی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے، جن میں سب سے زیادہ 77 رنز ایشان کشن نے بنائے، جبکہ سوریا کمار یادیو 32، شیوم دوبے 27 اور رنکو سنگھ نے 11 رنز بنائے،ہاردک پانڈیا اور اکشر پٹیل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے ۔
پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے 3 وکٹیں حاصل کیں، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان طارق نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی ۔
مقررہ ہدف کے تعاقب میں اس وقت پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ جاری ہے ۔
مودی سرکار کی سیاست نے ایک بار پھر عالمی کرکٹ کو متاثر کیا ہے، ٹاس کے بعد بھارتی کپتان سوریا کمار نے پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا سے مصافحہ نہیں کیا ۔
دریں اثنا کولمبو میں پاک بھارت میچ سے قبل پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور مینجمنٹ سے ملاقات کی ۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی، ان کے عزم اور جذبے کو سراہا اور قومی کرکٹ ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔
ملاقات میں کپتان سلمان علی آغا، ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، منیجر نوید اکرم چیمہ، تمام کھلاڑی اور کوچنگ اسٹاف موجود تھے۔ اس موقع پر پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد، پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر اور میڈیا ڈائریکٹر عامر میر بھی شریک تھے ۔

