اسلام آباد:وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے 26 ویں آئینی ترمیم کی متفقہ منظورری پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ترمیم دوتہائی اکثریت سے پارلیمنٹ نے منظور کی، آئینی ترمیم ترقی، خوشحالی، معاشی اور سیاسی استحکام کیلئے سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم سے عوام کو جلد عدالتوں سے انصاف ملے گا، ترمیم پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے مؤثر ثابت ہوگی۔
وزیراعطم کا کہنا تھا کہ عام آدمی کے کیسز سالوں سے عدالتوں میں لٹکے ہوئے ہیں، انصاف نہیں ملتا، آئینی بنچ کے قیام سے عام آدمی کو سہولت ملے گی، تمام سیاسی رہنماؤں سے اس ترمیم پر طویل مشاورت ہوئی، انتھک محنت اور مشاورت کے بعد ہر آئینی شق پر بات ہوئی اور ڈرافت منظور کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 26 ویں آئینی ترمیم پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کیلئے بہت مؤثر اور مثبت ثابت ہوگی، جنہوں نے مدد کی ان تمام سیاسی لیڈران کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، میرے قائد نوازشریف کی پوری رہنمائی اور مدد حاصل تھی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایس سی او کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر بھی سب کا شکر گزار ہوں، شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس پاکستان کیلئے کامیاب کانفرنس ثابت ہوئی، ایس سی او کانفرنس کے کامیاب انعقاد سے پاکستان کا امیج دنیا میں بڑھا، اس میں چیلنج بھی کافی تھے، سب سے بڑا دہشت گردی کا چیلنج تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ چینی وزیراعظم 11 سال بعد پاکستان آئے، اسلام آباد کو پھولوں سے سجایا گیا، اسلام آباد قدرتی طور پر بھی خوبصورتی کا حامل شہر ہے، چین اور روس کے وزیراعظم نے اسلام آباد کی خوبصورتی کی تعریف کی، پرائم منسٹر آفس کی ٹیم کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔