سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر بنوں میں میرانشاہ روڈ پر کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ کرفیو بنوں سے میرانشاہ زیرو پوائنٹ غلام خان بارڈر تک میرانشاہ روڈ پر نافذ رہے گا۔
اعلامیے کے مطابق کرفیو کا اطلاق آج بروز اتوار صبح 5 بجے سے شام 7 بجے تک ہو گا۔ اس دوران عام شہریوں اور نجی گاڑیوں کی روڈ پر نقل و حرکت پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں بھی دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، جس کے تحت تمام داخلی اور خارجی راستے بند کر دیے گئے ہیں۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق شمالی وزیرستان میں دفعہ 144 بھی صبح 5 بجے سے شام 7 بجے تک نافذ رہے گی۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام سیکیورٹی فورسز کی نقل و حرکت اور لاجسٹک ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کرفیو کے دوران گھروں میں رہیں اور سیکیورٹی اداروں سے تعاون کریں

