امریکی ریاست ٹیکساس میں شدید طوفانی بارشوں کے بعد آنے والے اچانک سیلاب کے دوران ہلاک افراد کی تعداد 50 تک پہنچ گئی ہے، دوسری جانب دریا کنارے لگے سمر کیمپ میں شریک 27 لڑکیاں تاحال لاپتہ ہیں، جن کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے ۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کی پورٹ کے مطابق مقامی حکام نے ہلاکتوں کی تعداد مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے کیونکہ متاثرہ علاقہ صرف کیر کاؤنٹی تک محدود نہیں، بلکہ اس کے اطراف کے علاقے بھی متاثر ہوئے ہیں ۔
رپورٹ کے مطابق سیلاب سے تباہ حال علاقے کے شیرف لیری لیتھا نے کہا کہ ’ہم نے کیر کاؤنٹی سے 43 افراد کی لاشیں برآمد کی ہیں، جن میں 28 مرد اور 15 بچے شامل ہیں ۔
انہوں نے بتایا کہ دیگر اضلاع میں بھی متعدد لاشیں ملی ہیں، جس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 50 ہو گئی ہے ۔
حکام کے مطابق 850 سے زائد افراد کو ریسکیو کیا گیا، جن میں کچھ درختوں سے چمٹے ہوئے تھے، یہ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب جمعے کی صبح اچانک آنے والی شدید بارش نے گواڈیلوپ دریا کے آس پاس کے علاقے میں 15 انچ (تقریباً 38 سینٹی میٹر) تک بارش برسا دی، جو کہ سالانہ اوسط کا تقریباً نصف ہے، اس طوفان کے دوران دریا کی سطح 29 فٹ (9 میٹر) تک بلند ہو گئی ۔
کیر کاؤنٹی کے جج راب کیلی نے کہا کہ ’ہم جانتے ہیں کہ دریا کی سطح بلند ہوتی ہے، لیکن کسی نے اتنے شدید اضافے کی پیش گوئی نہیں کی تھی‘۔