یومِ دفاع و شہدا پاکستان بھر میں آج قومی جذبے اور وقار کے ساتھ منایا جا رہا ہے، دن کا آغاز اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا ، صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے قوم کے نام خصوصی پیغامات بھی جاری کیے گئے ہیں ۔
کراچی میں مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں ایئر آفیسر کمانڈنگ ایئر وائس مارشل شہریار خان مہمان خصوصی تھے۔ پاکستان ایئر فورس اکیڈمی اصغر خان کے دستے نے گارڈز کی ذمہ داریاں سنبھالیں ۔
ایئر آفیسر کمانڈنگ ایئر وائس مارشل نے بابائے قوم کے مزار پر پھول رکھے، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نے ہمیشہ عوام کو اعتماد دیا اور دشمن کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ۔
یومِ دفاع کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے قوم کے نام خصوصی پیغامات بھی جاری کیے گئے ہیں ۔
صدر مملکت نے اس دن کو بہادر مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ 6 ستمبر کو ہونے والا معرکۂ حق اس سال نئی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ پاک فوج نے ایک مرتبہ پھر اپنی جانفشانی اور جرات کے ذریعے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ وطن کا دفاع ہر قیمت پر کیا جائے گا ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 6 ستمبر قومی تاریخ میں بہادری اور اتحاد کی روشن علامت ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 60 برس قبل افواجِ پاکستان نے دشمن کے جارحانہ عزائم کو ناکام بنایا، جبکہ حالیہ معرکۂ حق میں بھی افواج اور عوام آہنی دیوار کی طرح متحد کھڑے ہوئے ۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت اور تذویراتی وژن نے دشمن کے تکبر کو خاک میں ملا دیا اور ایک نئی تاریخ رقم کی ۔