ڈیرہ اسماعیل خان میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کامیاب انٹلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران 3 مطلوب دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی شناخت نعمت اللہ، عبدالرؤف افغانی اور مصطفیٰ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ہلاک دہشتگرد پولیس اور سکیورٹی فورسز پر حملوں میں براہِ راست ملوث تھے۔
کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے 3 کلاشنکوفیں، 9 میگزین، 2 ہینڈ گرینیڈ اور بڑی تعداد میں کارتوس برآمد کیے گئے۔
آئی جی خیبر پختونخوا پولیس اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی ٹیموں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس پر حملوں کا بھرپور جواب دیا جائے گا اور انٹلیجنس بیسڈ آپریشنز کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی ڈی آئی خان میں کارروائی پر سی ٹی ڈی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا گیا ہے۔ انہوں نے سی ٹی ڈی جوانوں کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں قیامِ امن کے لیے فورسز کی قربانیاں قابلِ تحسین ہیں۔

