لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ اختلافات کے بعد وائٹ بال ٹیم کے ہیڈکوچ گیری کرسٹن نے پاکستان کی ون ڈے اور ٹی ٹوینٹی ٹیم کی کوچنگ سے استعفیٰ دے دیا۔
معاہدے کے مطابق گیری کرسٹن نے پاکستان میں قیام پر انکار بھی کیا، ہیڈ کوچ سال میں ایک مہینہ چھٹیاں کر سکتے تھے لیکن گیری کرسٹن چیمپیئنز کپ کے بعد پاکستان نہیں آئے۔
گزشتہ روز پی سی بی اور وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن کے درمیان معاملات خراب ہونے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔
ذرائع کے مطابق گیری کرسٹن کے سلیکشن کمیٹی، سینٹرل کنٹریکٹس اور سپورٹ سٹاف میں من پسند افراد کو شامل نہ کرنے پر پی سی بی سے اختلاف ہوئے تھے، گیری کرسٹن سینٹرل کنٹریکٹس میں کھلاڑیوں کو من پسند کیٹیگری دلوانا چاہتے تھے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ گیری کرسٹن سپورٹ سٹاف میں من پسند افراد کو شامل کرنے پر بضد تھے۔ اور پی سی بی کو دورہ آسٹریلیا کیلئے نہ جانے کی دھمکی بھی دی تھی ۔