اسلام آباد:قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے خیبر نیٹ ورک اسلام آباد سینٹر کا دورہ کیا اور اس موقع پر خیبر نیوز سے خصوصی گفتگو بھی کی۔
آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ عدالتوں نے تحریک انصاف کے بانی کو پہلے بھی بہت ریلیف دیا ہے اور مزید ریلیف بھی دیا جا سکتا ہے ۔
آفتاب احمد خان نے کہا کہ تحریک انصاف کے مارچ سے پی ٹی آئی کے بانی کی رہائی ممکن نہیں نظر نہیں آ رہی ، پی ٹی آئی کے مارچ کے اعلان سے سڑکیں دوبارہ بلاک ہو جائیں گی اور عوام کو بہت نقصان اٹھانا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو جلسوں اور احتجاج سے فرصت نہیں تو وہ صوبے میں کیا توجہ دیں گے، صوبے کا امن اس قدر خراب ہے کہ جنوبی اضلاع میں حکومت کی رٹ ختم ہو چکی ہے اور صوبائی حکومت اس طرف توجہ نہیں دیتی ۔
آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ چین نے بھی اپنے شہریوں کے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سفر کرنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔صوبے کے عوام بھی مایوس ہیں اور سیکیورٹی اداروں کے خلاف بھی آواز بلند کررہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ مرکز ہمارے صوبے کو اس کا حق نہیں دے رہا، صوبے کے تمام لوگ پی ٹی آئی کے ساتھ نہیں، اس میں عوام کا کیا قصور ہے، ان کا کہنا تھا کہ ہمیں حق کے لیے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ کچھ عرصہ قبل صوبے کے حقوق کے حوالے سے گورنر خیبر پختونخو فیصل کریم کنڈی سے بات چیت ہوئی تھی لیکن پھر نامعلوم وجوہات کے باعث اس معاملے پر کوئی بھی پیشرفت نہ ہو سکی ۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں کوئی سرمایہ کاری نہیں ہو رہی ، ترقیاتی کام نہیں اور مرکز حکومت خیبر پختونخوا کو اپنا حق نہیں دے رہا ،ایسی صورتحال میں ہمارا صوبہ دوبارہ ترقی کیسے کرے گا۔
آفتاب احمد خان نے مشورہ دیا کہ اختلافات ہیں لیکن صوبے کے حق کے لیے سب کو مل بیٹھنے کی ضرورت ہے۔
اس سے قبل آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے خیبر نیوز کے ڈائریکٹر ایڈیٹوریل پالیسی اور سینئر صحافی حسن خان سے بھی ملاقات کی۔
اس موقع پر آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ حسن خان کی والدہ ماجدہ کے انتقال پر تعزیت کی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔