پشاور (حسن علی شاہ) بارہ ربیع الاول کے بابرکت موقع پر شیراز آرینہ پشاور میں ایک عظیم الشان صوبائی سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس بابرکت اجتماع کا اہتمام محکمہ اوقاف، خیبر ٹیلیویژن نیٹ ورک، خیبر ڈیجیٹل اور ایوامپ کے باہمی تعاون سے کیا گیا تھا۔
کانفرنس میں دو ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی آمین گنڈاپور، صوبائی وزیر اوقاف، صوبائی وزیر صحت، ڈپٹی کمشنر پشاور، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ شیخ زید اسلامک سنٹر پشاور یونیورسٹی کے ڈائریکٹرز، پروفیسرز، ممتاز دینی سکالرز، علما کرام، خواتین و حضرات نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے دوران طلبا و طالبات نے اپنی خوبصورت اور روح پرور آوازوں میں بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں نعتیہ کلام پیش کیا جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔
وزیر اعلیٰ علی آمین گنڈاپور نے اپنے خطاب میں کہا کہ پیغمبر اسلام ﷺ کی حیاتِ مبارکہ کا ہر پہلو امت مسلمہ کے لیے رہنمائی کا روشن باب ہے۔ اللہ تعالیٰ نے آپ ﷺ کو تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا۔ آپ بطور والد، نانا، سپہ سالار، رفیق، خاتم النبیین، امام الانبیا، ختم الرسل، محبوبِ خدا، دیانت و پارسائی کے پیکر اور یتیموں، بیواؤں و لاچاروں کے سچے مددگار تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم خوش نصیب ہیں کہ نبی آخر الزماں ﷺ کے امتی ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کانفرنس کے شاندار اور کامیاب انعقاد کو سراہتے ہوئے طلبا و طالبات میں ایوارڈز اور توصیفی اسناد بھی تقسیم کیں۔
یہ تاریخی کانفرنس نہ صرف ایک روحانی اجتماع ثابت ہوئی بلکہ سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں اجتماعی و انفرادی زندگی کو بہتر بنانے کا عملی پیغام بھی اپنے ساتھ لے کر اختتام پذیر ہوئی۔