پشاور(شوبز ڈیسک) آرٹسٹ ایکشن فاؤنڈیشن خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام پشاور صدر میں متاثرین سیلاب کی مدد کے لئے امدادی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ یہ کیمپ خاص طور پر بونیر اور باجوڑ کے متاثرہ خاندانوں کے لئے قائم کیا گیا تھا۔
امدادی کیمپ میں شوبز اور فنون لطیفہ سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی جن میں جی ایم پی ٹی وی پشاور کے ابراہیم کمال، طارق جمال، شازمہ حلیم، الیاس خان، زداد بلبل، حشمت جاوید، فوزیہ جاوید، نصیر خلیل سمیت دیگر معروف فنکار شامل تھے۔ فنکاروں نے متاثرین کے لیے عطیات جمع کیے اور لوگوں کو دل کھول کر مدد کرنے کی ترغیب دی۔
اس موقع پر فاؤنڈیشن کے بانی ڈاکٹر نیاز علی نے اخبار خیبر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم باجوڑ، دیر، بونیر، چارسدہ، سوات، صوابی اور دیگر سیلاب زدہ علاقوں کے متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کو اکیلا چھوڑنا انسانیت کے خلاف ہے اور ہم سب کو ان کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔