پاکستان میں ایچ ای سی کی علامہ اقبال اسکالرشپ پروگرام کے تحت تعلیم حاصل کرنے والے 300 افغان طلباء کی گریجویشن کی پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر طلباء نے پاکستان سے محبت، شکرگزاری اور دوستی کے جذبات کا بھرپور اظہار کیا۔
افغان طلباء کا کہنا تھا کہ "پاکستانی جامعات میں تعلیم حاصل کرنا ہمارے لیے باعث فخر ہے۔ اس اسکالرشپ نے ہمارے خوابوں کو حقیقت میں بدلا۔”
ایک افغان طالبہ نے بتایا کہ "میں کارڈیالوجی میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہی ہوں، اور میرا ڈاکٹر بننے کا خواب پاکستان کی بدولت پورا ہوا۔”
ایک اور طالب علم کا کہنا تھا: "اگر یہ اسکالرشپ نہ ہوتی تو ہماری تعلیم ممکن نہ تھی۔ پاکستانی حکومت کا یہ اقدام افغان نوجوانوں کے لیے روشن مستقبل کی امید ہے۔”
کامسیٹس یونیورسٹی میں زیر تعلیم افغان طلباء نے بھی پاکستانی تعلیمی ماحول کو مثالی قرار دیا اور کہا کہ یہاں کا معیار عالمی سطح کا ہے۔
ایچ ای سی کے چیئرمین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان کے تعاون سے علامہ اقبال اسکالرشپ کا تیسرا مرحلہ جلد شروع ہونے والا ہے، جس کے تحت مزید 4500 افغان طلباء کو پاکستان میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا موقع دیا جائے گا۔
پراجیکٹ ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ "پاکستانی جامعات افغان طلباء کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں، اور یہ اسکالرشپ افغان طلباء کی ذاتی و پیشہ ورانہ ترقی کا ذریعہ بنی ہے۔”
ڈائریکٹر آئی ایم سائنسز نے کہا: "افغان طلباء کی گریجویشن تقریب ہمارے لیے باعثِ فخر ہے، اور یہ پاک افغان تعلیمی تعاون کی خوبصورت مثال ہے۔”
تقریب کے آخر میں افغان طلباء نے پاکستان کا مشترکہ شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ "یہ رشتہ تعلیم، بھائی چارے اور اعتماد پر قائم ہے، اور ہم پاکستان کے اس خلوص کو کبھی نہیں بھولیں گے۔”