پنجاب، بالائی سندھ اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے کی وجہ سے مختلف موٹرویز بند کر دی گئی ہیں۔
موٹروے پولیس کے مطابق دھند کے باعث موٹروے ایم ون صوابی سے پشاور، ایم ٹو ٹھوکر نیاز بیگ سے بلکسر، ایم تھری فیض پور سے سمندری اور ایم فور پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک ٹریفک کے لیے بند ہے۔
اس کے علاوہ موٹروے ایم فائیو شیر شاہ سے سکھر اور ایم الیون لاہور سے سمبڑیال تک بھی آمدورفت معطل کر دی گئی ہے۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور سفر کی صورت میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز تک سردی اور دھند کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔

