وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بانی تحریک انصاف عمران خان کی پمز ہسپتال منتقلی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پمز ہسپتال میں بانی تحریک انصاف کی آنکھوں کا تقریباً بیس منٹ تک طبی معائنہ کیا گیا، جس کے بعد انہیں واپس اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔
یہ بات وفاقی وزیر اطلاعات نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کے دوران کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں نے معمول کے طبی معائنے کے لیے بانی تحریک انصاف کو پمز ہسپتال منتقل کرنے کی تجویز دی تھی، جس پر تحریری رضامندی کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
عطا تارڑ کے مطابق پمز ہسپتال میں آنکھوں کے معائنے کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں صحت مند قرار دیا اور مزید کسی علاج کی ضرورت پیش نہیں آئی، جس کے بعد بانی تحریک انصاف کو دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔

