پشاور (شوبز ڈیسک) معروف ڈائریکٹر، پروڈیوسر اور نامور لکھاری اظہار بوبی نے امریکہ سے ٹیلی فونک گفتگو میں روزنامہ خیبر سے بات کرتے ہوئے کہا کہ خیبر ٹیلیویژن نے میرے ڈرامہ سیریلز "نیمگڑے روح” اور اب "زنجیرونہ” نشر کرکے عملی طور پر جرات مندی کا مظاہرہ کیا ہے۔
اظہار بوبی کا کہنا تھا کہ اس وقت ان کا سیریل خیبر ٹی وی پر پشتو زبان میں جبکہ کے ٹو ٹیلیویژن پر اردو زبان میں آن ایئر ہے، اور اس سے قبل ان کا ڈرامہ "نیمگڑے روح” بھی لاکھوں ناظرین دیکھ چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیا سیریل "زنجیرونہ” ایک نہایت حساس موضوع پر مبنی ہے جو حقیقت کے قریب تر اور ہمارے معاشرتی مسائل کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ اس ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح سود خور لالچ میں آ کر انسانیت سے عاری درندہ صفت بھیڑیا بن جاتا ہے اور حرام کمائی کی حرص میں نہ صرف انسانی قدریں بلکہ اسلامی تعلیمات اور مذہبی اصول بھی نظرانداز کر دیتا ہے۔
اظہار بوبی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ خیبر ٹیلیویژن نے اتنے بولڈ اور نصیحت آموز ڈرامے کو نشر کرکے جرات مندی کا ثبوت دیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ اسلامی احکامات اور شریعت کی بالادستی کو بھی اہمیت دی ہے۔