جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) خیبرپختونخوا کے ترجمان عبدالجلیل جان نے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور صرف فارم 47 کے نتیجے میں وزیراعلیٰ بنے ہیں اور وہ محض چند مہینوں کے مہمان ہیں، جیسا کہ خود انہوں نے لاہور میں ایک تقریب کے دوران تسلیم بھی کیا۔
عبدالجلیل جان نے علی امین گنڈاپور کے لاہور کے دورے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ باجوڑ جیسے حساس علاقے میں جانے کے بجائے لاہور میں سیر سپاٹا انتہائی افسوسناک اور شرمناک ہے۔ ان کے مطابق خیبرپختونخوا کی حکومت مکمل طور پر کرپشن میں ڈوبی ہوئی ہے اور عوامی خزانے سے لاہور جانے والے حکومتی افراد کو اس کا حساب دینا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شوکت یوسفزئی کے اعتراف سے واضح ہوتا ہے کہ موجودہ وزیراعلیٰ جعلی مینڈیٹ کے ذریعے اقتدار پر براجمان ہیں۔ مولانا فضل الرحمان کے سچ پر مبنی بیان نے وزیراعلیٰ کی تمام سیاسی چالاکیوں کو بے نقاب کر دیا ہے۔
ترجمان جے یو آئی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کو بڑھکیں مارنے اور ڈرامہ بازی سے باز آ کر صوبے میں امن و امان پر توجہ دینی چاہیے۔ خیبرپختونخوا میں روزانہ لاشیں گر رہی ہیں، لیکن وزیراعلیٰ لاہور کی سیر میں مصروف ہیں۔ انہوں نے طنزاً کہا کہ علی امین گنڈاپور تحریک انصاف کو ختم کرنے کا فریضہ بڑے احسن انداز میں انجام دے رہے ہیں۔