بلوچستان کے ضلع ژوب میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران 15 خوارج کو جہنم رسید کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ژوب کے علاقہ سمبازہ میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا جس کے دوران 15 خوارج کو ہلاک کردیا جبکہ ہلاک خوارج سے بھاری مقدارمیں اسلحہ اور گولہ بارود اور دھماکاخیز مواد بھی برآمد ہوا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کی فائرنگ سے 32 سالہ سپاہی عارف الرحمان شہید ہوا جس کا تعلق مانسہرہ سے تھا۔
بیان میں بتایا گیا کہ علاقے میں خارجیوں کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے اور سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
صدر مملکت کا خراج تحسین
صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اپنے خصوصی پیغام میں صدر مملکت نے آپریشن کے دوران دہشتگردوں سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے سپاہی عارف الرحمن شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔
آصف زرادری نے دہشتگردی کی لعنت کے مکمل خاتمے تک کاروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔