پشاور (شوبز ڈیسک) صدارتی ایوارڈ یافتہ سینئر فنکار اور معروف سماجی رہنما سید سردار بادشاہ نے کہا ہے کہ خیبر ٹی وی کی فلاحی تنظیم خودمختار ساوی دکھی انسانیت کے لیے عملی طور پر امید کا سہارا ہے۔
انہوں نے اخبار خیبر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس ادارے نے ہمیشہ اپنی شاندار روایات کو برقرار رکھا ہے۔ حالیہ دنوں میں بونیر، سوات اور صوابی کے سیلاب متاثرین کے لیے بروقت امداد پہنچا کر خودمختار ساوی نے یہ ثابت کیا ہے کہ جب حقوق العباد کو اولین ترجیح دی جائے تو اللہ تعالیٰ بھی اپنی مدد شامل حال فرماتا ہے۔
سید سردار بادشاہ نے مزید کہا کہ وہ میئر حضرات جو اپنے عطیات اور امدادی سامان اس فلاحی تنظیم کے ذریعے بے سہارا، مفلس اور مستحق افراد تک پہنچا رہے ہیں، ان کی یہ سخاوت نہ صرف دینی فریضہ ہے بلکہ آخرت کی کامیابی کا ذریعہ بھی بنے گی۔