خیبر نیٹ ورک اور فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوگئے جس کا مقصد نوجوان خواتین کے لیے میڈیا کی تعلیم، تحقیقی تعاون، اور پیشہ ورانہ تربیت کے مواقع کو آگے بڑھانا ہے،مفاہمت کی یادداشت پر خیبر ڈیجیٹل کے سی ای او اور خیبر نیٹ ورک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیوان حامد راجہ اور فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا نے دستخط کیے۔
کمیونیکیشن اینڈ میڈیا سٹڈیز کے شعبہ کے سربراہ ڈاکٹر محمد علی اور خیبر ڈیجیٹل کے جی ایم بلال ناصر نے مفاہمت کی یادداشت پر بطور فوکل پرسن دستخط کیے ہیں ۔
تقریب میں دونوں اداروں کے سینئر نمائندے موجود تھے، جن میں پروفیسر ڈاکٹر سرویت رسول (ڈین، فیکلٹی آف آرٹس اینڈ سوشل سائنسز)، ڈاکٹر عشرت (ڈائریکٹر ORIC)، شعبہ کمیونیکیشن اینڈ میڈیا اسٹڈیز کے فیکلٹی ممبران اور FJWU کی ORIC ٹیم شامل تھی ۔
خیبر نیٹ ورک کی طرف سےمحترمہ مریم کیوان (صدر خودمختار ساوی)، سیف اللہ خان (منیجرڈیجیٹل پریزنٹیشنز) اور نایاب ایاز (کوآرڈینیشن آفیسر، خیبر ڈیجیٹل) نے بھی تقریب میں شرکت کی ۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے خیبر نیٹ ورک کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر اور خیبر ڈیجیٹل کے سی ای او کیوان حامد راجہ نے کہا کہ یہ شراکت داری خیبر نیٹ ورک کے پاکستان میں ابھرتے ہوئے میڈیا ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے کے لیے جاری عزم کی عکاسی کرتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ تعاون میڈیا اور اکیڈمی کے لیے وقت کی اہم ضرورت ہے، یہ مستقبل کے لیے تیار میڈیا پروفیشنلز کی تعمیر کے لیے تازہ خیالات، علمی تحقیق، تخلیقی صلاحیتوں اور صنعت کے تجربے کو یکجا کرتا ہے ۔
کیوان حامد راجہ کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد بامعنی بیانیے کو فروغ دینا اور نوجوان ٹیلنٹ کو بہترین کارکردگی کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے ۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ میڈیا انڈسٹری کو تیزی سے ایسے ہنر مند گریجویٹس کی ضرورت ہے جو ڈیجیٹل مہارت، تحقیقی صلاحیت اور ٹیکنالوجی کی جدت سے آراستہ ہوں ۔
اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا نے دور حاضر میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جدید میڈیا کی تعلیم کو صنعت کے بدلتے ہوئے منظرنامے کے ساتھ تیار ہونا چاہیے ۔
ان کا کہنا تھا کہ پیشہ ورانہ مہارت کو پروان چڑھانے کے لیے مضبوط اکیڈمیا-انڈسٹری روابط ضروری ہیں۔ یہ شراکت طلباء کو حقیقی دنیا کی مہارتوں، تحقیقی بصیرت اور تخلیقی مواقع کے ساتھ بااختیار بنائے گی ۔

 
									 
					