خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر دو علیحدہ کارروائیوں کے دوران 11 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کی گئی، جہاں فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 6 دہشت گرد مارے گئے۔
اسی طرح ضلع کرم میں پولیس اور سکیورٹی فورسز نے مشترکہ انٹیلی جنس آپریشن کے دوران 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ یہ عناصر سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بے گناہ شہریوں کے خلاف دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہیں۔
وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور شدہ نیشنل ایکشن پلان اور وژن عزمِ استحکام کے تحت ملک بھر میں دہشت گردی کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رہیں گی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان اور کرم میں کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رہے گی، اور قوم کو اپنے بہادر افسران اور جوانوں پر فخر ہے۔

