کرم: ضلع کرم کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف ممکنہ آپریشن کے پیش نظر، انتظامیہ نے متاثرین کی نقل مکانی اور ان کے لیے عارضی پناہ گاہوں کا انتظام شروع کر دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کرم نے اس ضمن میں ایک نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے ٹل اور ہنگو میں ٹرانزٹ کیمپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ کیمپ عوام کو آپریشن کے دوران محفوظ پناہ فراہم کریں گے۔
ضلعی انتظامیہ نے بتایا ہے کہ ٹل ڈگری کالج، ٹیکنیکل کالج، ریسکیو اور عدالت کی عمارت میں متاثرین کے لیے کیمپ قائم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ، صوبائی ریلیف کو ایک خط بھی ارسال کیا گیا ہے تاکہ آپریشن کے دوران متاثرہ خاندانوں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ڈپٹی کمشنر کرم نے کہا کہ متاثرین کی مدد کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی نگرانی میں ایک کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے، جو ان کی عارضی رہائش اور دیگر ضروریات کو یقینی بنائے گی۔ ہنگو میں بھی متاثرین کے لیے مختلف مقامات پر کیمپ لگانے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں، جس میں گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج ٹل اور سابقہ ووکیشنل سنٹر ٹل شامل ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کرنے کے لیے تمام محکمہ جات کو احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔