ضلع لکی مروت میں پولیس فورس کا اختیارات کے حصول اور بے جا مداخلت کے خلاف احتجاجی دھرنا گزشتہ 3 روز سے جاری ، مظاہرین نے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو مکمل طور پر بند کر دیا۔
احتجاج میں موجود پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ضلع کو مکمل طور پر پولیس کے حوالے نہ کرنے تک دھرنا جاری رہے گا۔
احتجاجی پولیس اہلکاروں کے ساتھ پولیس اور انتظامی افسران کے مذاکرات بھی ہوئے لیکن تاحال بعض مطالبات پر اتفاق نہ ہو سکا ۔
دھرنے کے رہنما انسپکٹر انیس خان کے مطابق 3 روز سے جاری دھرنے میں وقت کے ساتھ شدت آرہی ہے، دیگر اضلاع ٹانک، ڈی آئی خان اور بنوں سے بھی پولیس فورس کے جوان مظاہرین کے ساتھ شامل ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب مقامی شہری، تاجر، وکلا، طلبا اور زندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی پولیس کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے دھرنے میں شریک ہیں۔
لکی مروت میں اس وقت دھرنا 3 مختلف مقامات پر جاری ہے،مظاہرین نے انڈس ہائی وے بند کررکھا ہے جس کی وجہ سےکراچی، کوئٹہ اور میانوالی سے رابطہ منطقع ہے۔