امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کو امریکی تاریخ کا کمزور ترین لمحہ قرار دیتے ہوئے ایک بار پھر سابق صدر بائیڈن کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ کابل ایئرپورٹ پر ہونے والے خودکش حملے میں 13 امریکی فوجیوں کی ہلاکت اس ناکام انخلا کا واضح ثبوت ہے۔
وائٹ ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کی حکومت بھی افغانستان سے نکلنے کا منصوبہ رکھتی تھی، تاہم وہ یہ عمل طاقت، وقار اور بہتر حکمتِ عملی کے ساتھ انجام دینا چاہتے تھے ۔
صدر ٹرمپ مطابق ان کے پہلے دورِ حکومت میں امریکہ کی عسکری طاقت کا واضح تصور موجود تھا اور دشمن عناصر امریکی افواج کے خلاف کارروائی کرنے سے گریز کرتے تھے ۔
ٹرمپ نے بگرام ایئر بیس کو چھوڑنے کے فیصلے کو سنگین غلطی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک انتہائی اہم اسٹریٹجک فوجی اڈہ تھا جس کے اطراف وسیع علاقہ موجود تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کو کبھی بھی بگرام ایئر بیس ترک نہیں کرنا چاہیے تھا ۔
صدر ٹرمپ نے افغانستان میں چھوڑے گئے امریکی فوجی سازوسامان پر بھی سخت تنقید کی اور کہا کہ یہ انتہائی شرمناک بات ہے کہ آج طالبان امریکی ہتھیار اور فوجی گاڑیاں عوامی پریڈز میں نمائش کے لیے پیش کر رہے ہیں ۔
اگست 2021 میں ہونے والا امریکی انخلا افغانستان میں تقریباً دو دہائیوں پر محیط امریکہ کی طویل ترین جنگ کے خاتمے کا سبب بنا۔ تاہم یہ انخلا افغان حکومت کے تیزی سے خاتمے کے بعد شدید افراتفری کا شکار ہو گیا، جب طالبان فورسز نے برق رفتاری سے کابل پر قبضہ کر لیا ۔

