اسلام آباد: تحریک انصاف کے کارکنوں کا احتجاج ختم ہونے کے بعد اسلام آباد میں زندگی معمول پر آ رہی ہے۔تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران 4 روز سے بند موٹرویز کو ہر طرح کی ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے۔
موٹر وے حکام کے مطابق موٹروے ایم 2، اسلام آباد تا لاہور، اسلام آباد سے پشاور موٹروے ایم ون، لاہور سیالکوٹ، ایم 3 ، ایم 4 اور ایم 5 موٹرویز ہر طرح کی ٹریفک کیلئے کھول دی گئی ہیں۔ ڈپٹی کمشنراسلام آباد عرفان میمن نے تمام اسسٹنٹ کمشنرزکو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام بند راستے فوری کھولے جائیں اور تمام شاہراہوں پرصفائی کے انتظامات بھی یقینی بنائےجائیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے شرپسندوں سے کلیئر کرائے گئے علاقوں کا جائزہ لیا اور سڑکوں کی فوری صفائی اور رکاوٹیں ہٹانے کا حکم دیا۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لاتے ہیں کہ شرانگیزی کی سازش بری طرح ناکام ہوئی، رینجرز کے افسروں اور جوانوں نے بہادری کے ساتھ مظاہرین کو پسپا کیا، پرامن پاکستان اور پاکستانیوں کی جیت ہوئی ہے۔