سکیورٹی فورسز نے تیمر گرہ میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا،ہلاک ہونے والوں میں اہم کمانڈر حفیظ اللہ عرف کوچوان بھی چانک تھا ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق لوئر دیر کے علاقے تیمر گرہ میں خفیہ اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے کارروائی کی جس میں 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی میں ہائی ویلیو ٹارگٹ حفیظ اللہ عرف کوچوان مارا گیا، دہشت گرد حفیظ اللہ سکیورٹی فورسز سمیت معصوم شہریوں پرحملوں میں ملوث تھا ۔
پاک فوج کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ حفیظ اللہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا، حکومت نے دہشت گرد حفیظ اللہ کے سر کی قیمت ایک کروڑ روپے مقرر کی تھی ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے لوئر دیر میں دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پرسکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے ۔
وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ہماری دہشت گردوں سے جنگ جاری رہے گی ۔