بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی ) نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان نہ آنے کے بارے میں آگاہ کردیا۔
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے پاکستان نہیں آئے گی، بھارت نیوٹرل وینیو پر اپنے میچز کھیلے گا۔
بھارت کے علاوہ دیگر 6 ممالک نے ایونٹ میں ٹیموں کو پاکستان بھیجنے کی تصدیق کردی ہے تاہم بھارت سیاسی اور سکیورٹی کے بہانے بنا کر ٹیم بھیجنے سے انکاری ہے اور ٹورنامنٹ کو ہائبرڈ ماڈل کے تحت کروانا چاہتا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے 9 مارچ 2025 تک شیڈول ہے جس کے میچز کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
بھارتی میڈیا کے بیان پر اپنے ردعمل میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ بھارتی ٹیم کی چیمپئنز ٹرافی میں عدم شرکت کے بی سی سی آئی کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہائبرڈ ماڈل پر بات نہیں ہوئی، اپنی تیاریاں جاری رکھیں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ گزشتہ 2 ماہ سے انڈین میڈیا سے خبریں آرہی تھیں کہ ٹیم نہیں آرہی، کسی کو کوئی اعتراض ہے تو تحریری طور پر بتائے، ہم سے ابھی تک ہائبرڈ ماڈل پر کوئی بات نہیں ہوئی اور نہ ہم تیار ہیں، ہم چاہتے ہیں کرکٹ سیاست سے پاک ہو، چیمپئنز ٹرافی کیلئے تیاریاں اسی طرح جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ چاہتا ہوں کرکٹ میں کسی قسم کی سیاست نہ ہو، چیمپئنز ٹرافی بارے جو بھی فیصلہ ہوگا حکومت پاکستان کرے گی، بی سی سی آئی کو اعتراض ہے تو تحریری طور پر بتائے، ہر ملک کی خواہش ہے کہ پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی ہو، میری ہر ملک سے بات چیت رہتی ہے، ہر ملک کی خواہش رہتی ہے ہم یہاں کرکٹ کھیلیں۔