نیشنل گرڈ کمپنی نے 500 کے وی K2/K3 ٹرانسمیشن لائن کو کامیابی سے مکمل کرلیا، 102 کلومیٹر طویل ٹرانسمیشن لائن کینوپ نیوکلیئر پاور پلانٹس سے 2200 میگاواٹ بجلی کو نیشنل گرڈ میں شامل کرے گی ۔
لاہور: نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان (این جی سی) نے 500کے وی K2/K3 – مٹیاری اور کے کے آئی – پورٹ قاسم ٹرانسمیشن لائن سرکٹس کو کامیابی کے ساتھ انرجائز کردیا ہے جو بجلی کے ترسیلی نظام کے استحکام کیلئے ایک اہم سنگ میل ہے ۔
102 کلومیٹر طویل، ڈبل سرکٹ، کواڈ بنڈل ٹرانسمیشن لائن کراچی کے قریب K2 اور K3 نیوکلیئر پاور پلانٹس سے 2,200 میگاواٹ بجلی کی ترسیل کے لیے تعمیر کی گئی ہے ۔
یہ لائن کینوپ جوہری پلانٹس سے موجودہ 500کے وی پورٹ قاسم – مٹیاری ٹرانسمیشن لائن کے ساتھ لنک کی گئی ہے اور اسے تقریباً 18.45 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے ۔
اس اہم منصوبے کی تکمیل سے نیشنل گرڈ کے استحکام اور استعداد کار میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ ٹرانسمیشن لائن کے انرجائز ہونے سے ملک کے جنوبی خطے میں بجلی کی ترسیل کا نظام مضبوط ہوگا اور اس سے نیشنل گرڈ کو مستحکم رکھنے، علاقائی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی جس سے قومی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔
ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر میں حائل کئی رکاوٹوں کے باوجود اس کامیابی کا حصول وزارت توانائی (پاور ڈویژن)، این جی سی بورڈ آف ڈائریکٹرز اور این جی سی کی مختلف فارمیشنز پراجیکٹ ڈیلیوری ساؤتھ، ایسیٹ مینجمنٹ ساؤتھ، ٹیلی کام، ایچ وی ڈی سی سائوتھ، ٹی ایس جی (ساؤتھ)، ٹرانسمیشن لائن ڈیزائن، میٹریل پروکیومنٹ اینڈ مینجمنٹ، پروٹیکشن اینڈ کنٹرول، پاور سسٹم پلاننگ اور آئی ایس ایم او کی اجتماعی کاوشوں اور قریبی تعاون کے ذریعے ممکن ہوا ۔
منیجنگ ڈائریکٹر این جی سی، انجینئر محمد شاہد نذیر نے ٹرانسمیشن لائن کی تکمیل پر پراجیکٹ میں شامل تمام ٹیموں کی کاوشوں اور ان تھک محنت پر مبارکباد دی ۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل لوڈ سنٹرز تک بجلی کی مسلسل ترسیل کو یقینی بنانے کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتی ہیں اور اس سے پاکستان کے پاور ٹرانسمیشن نیٹ ورک کی استعداد میں اضافہ ہوگا ۔