نئی دہلی میں پاکستان کی آزادی کی 77ویں سالگرہ قومی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی ۔
تقریب میں پاکستان کے ناظم الامور سعد احمد وڑائچ نے ہائی کمیشن کے چانسری لان میں قومی پرچم لہرایا۔
اس موقع پر ہائی کمیشن کے افسران ،عملہ اور ان کے اہل خانہ موجود تھے۔
یوم آزادی کی تقریب میں صدرآصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہبازشریف کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔
ناظم الامور نےکہا کہ 14 اگست 1947 ناقابل تسخیر عزم، بے مثال جدوجہد اور بے پناہ قربانیوں کے شاندار سفر کا نقطہ عروج تھا۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے برصغیر کے مسلمانوں نے بہادری کی داستان رقم کی ہے۔
انہوں نے علامہ محمد اقبال کے الہامی وژن اور قائد اعظم محمد علی جناح کی متحرک قیادت کو شاندار خراج تحسین پیش کیا جس میں برصغیر کے مسلمانوں کو ان کے اپنے الگ وطن کے متعین کردہ مقدر کی طرف رہنمائی کی گئی۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں بھی یوم آزادی کا جشن بھرپور طریقے سے منایا گیا۔
پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی پر دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ پر پاکستانی پرچم آویزاں کر دیا گیا۔
یوم آزادی پر دبئی کی برج خلیفہ عمارت کو پاکستانی پرچم کے رنگ میں رنگ دیا گیا۔
اس موقع پرپاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد پاکستانی پرچم میں لپٹے برج خلیفہ دیکھنے پہنچی۔
برج خلیفہ کے اطراف موجود پاکستانیوں نے وطن سے محبت کا بھرپور اظہار کیا۔