افغانستان میں خواتین کے حقوق پر مزید سخت اقدامات کی دھمکی دی گئی ہے۔ طالبان حکومت نے تمام قومی و بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) کو خواتین کو ملازمت دینے پر سخت خبردار کیا ہے اور دھمکی دی ہے کہ ایسی تنظیمیں اگر حکم کی خلاف ورزی کریں گی تو ان کا کام کرنے کا لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا۔
افغان وزارت اقتصادیات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اعلامیے میں کہا کہ اس حکم کی تعمیل نہ کرنے کی صورت میں غیر ملکی این جی اوز کی تمام سرگرمیاں روک دی جائیں گی۔
فارسی زبان میں جاری کیے گئے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ وزارت اقتصادیات کو تمام غیر ملکی اور غیر اماراتی این جی اوز کی نگرانی اور ان کی سرگرمیوں کی رہنمائی کا اختیار حاصل ہے۔ اگر کوئی ادارہ خواتین کو ملازمت فراہم کرتا ہے اور تعاون نہیں کرتا تو اس کے تمام کام معطل کر دیے جائیں گے۔