پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے برطانیہ میں ہونے والی کیمبرین پٹرول فوجی مشقوں میں گولڈ میڈل جیتنے والی پاک آرمی کی ٹیم سے ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق کیمبرین پٹرول دنیا کی سب سے زیادہ چیلنجنگ فوجی مشقوں میں سے ایک سمجھی جاتی ہے، جس میں دنیا بھر کی فوجوں کے دستے حصہ لیتے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اس سال کی مشق میں 143 ٹیموں نے حصہ لیا، اور پاک فوج نے چھٹی بار اس مشق میں گولڈ میڈل جیتا۔ آرمی چیف نے ٹیم کی غیر معمولی کامیابی پر انہیں بھرپور خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اس کامیابی سے نہ صرف پاکستان کا وقار بلند ہوا بلکہ عالمی سطح پر پاک فوج کی مہارت اور عزم کا بھی لوہا منوایا گیا۔
کیمبرین پٹرول مشق، جو کہ وسط ویلز کے پہاڑی علاقے میں منعقد کی جاتی ہے، جسمانی برداشت اور حکمت عملی کے لحاظ سے انتہائی سخت اور چیلنجنگ ہوتی ہے۔ اس مشق کا مقصد فوجیوں کی جسمانی قوت، ذہنی استقامت، اور حکمت عملی کی صلاحیتوں کو جانچنا ہوتا ہے۔
آرمی چیف نے اس موقع پر پاک فوج کے دستے کی تربیت اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور کہا کہ ایسی کامیابیاں ہمارے فوجی جوانوں کی محنت، قربانی اور وطن سے محبت کی عکاسی کرتی ہیں۔