لاہور کے نواحی علاقوں میں میں پاک فوج کی جانب سے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ پاک فوج کی جانب سے فری میڈیکل کیمپ تحصیل شالیمار میں قلعہ جیون سنگھ اور اطراف کے دیہات کے لیے قائم کیا گیا۔
اس فری میڈیکل کیمپ کا مقصد ان دیہات کے باسیوں کے لیے معیاری علاج کی فراہمی تھا۔ میڈیکل کیمپ میں متعدد ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف صبح سے شام تک مریضوں کو مفت طبی خدمات فراہم کرتے رہے۔ کیمپ میں بچوں اور عورتوں کے امراض کے ماہر ڈاکٹرز بھی شامل تھے۔ میڈیکل کیمپ میں دیہی علاقوں کے 1182 افراد مفت طبی خدمات سے مستفید ہوئے۔ کیمپ میں مختلف امراض کی جدید آلات سے تشخیص اور علاج کا بندوبست کیا گیا ان میں جلد، آنکھوں اور ناک، کان اور گلے کی بیماریاں بھی شامل تھیں۔ مریضوں کو مفت ادویات کے ساتھ ساتھ غذائی سپلیمنٹس بھی فراہم کیے گئے۔
اس کے علاوہ مقامی افراد کو مختلف موسمی امراض اور عمومی صحت کے حوالے سے آگاہی بھی دی گئی۔ علاقے کے عوام نے پاک فوج کے عوامی بہبود کیلئے ان شاندار اقدامات کو بہت سراہا گیا۔