جعفرآباد میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام "معرکہ حق” کی شاندار فتح اور جشنِ آزادی کی خوشی میں ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شریک ہو کر وطنِ عزیز سے اپنی والہانہ محبت کا بھرپور اظہار کیا۔ یہ ریلی جماعت اسلامی کے ضلعی سیکرٹریٹ سے شروع ہوئی اور جوش و جذبے کے نعروں کے ساتھ ڈیرہ اللہ یار کے ٹی چوک تک پہنچی۔ راستے بھر شرکاء نے "پاکستان زندہ باد” اور "پاک فوج زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے بلند کیے۔
ٹی چوک پر ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے میر مٹھا خان بادینی، عرفان علی ابڑو اور دیگر مقررین نے کہا کہ "معرکہ حق” میں پاک فوج نے جرات و بہادری کی لازوال داستان رقم کی اور دشمن کو عبرتناک شکست دی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی نسلیں اس معرکہ کو ہمیشہ یاد رکھیں گی۔ مقررین نے پاکستان کو اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ ایک عظیم نعمت قرار دیا اور کہا کہ ہمیں اس کی حفاظت کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار رہنا چاہیے۔ ریلی کے اختتام پر شرکاء نے کشمیری اور فلسطینی عوام کے حق میں خصوصی دعائیں بھی کیں۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان میں اس دن کو وحدت، ثابت قدمی اور روشن مستقبل کے عزم کی علامت قرار دیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ افواجِ پاکستان ان رہنماؤں، مدبّروں اور سپاہیوں کو سلام پیش کرتی ہیں جنہوں نے پاکستان کی بنیاد رکھنے میں اپنا کردار ادا کیا۔
دوسری جانب پشین میں بھی جشنِ آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ مقامی ریسٹ ہاؤس میں منعقدہ مرکزی تقریب میں صوبائی اسمبلی کے اراکین حاجی آصغر ترین، اسفندیار خان کاکڑ اور سید ظفر آغا کے علاوہ ڈپٹی کمشنر منصور احمد، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبدالحلیم اچکزئی اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر فیض اللہ کاکڑ نے خصوصی شرکت کی، جس سے تقریب کی شان و شوکت میں اضافہ ہوا۔
تقریب کا آغاز پرچم کشائی سے ہوا جس کے بعد پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ طلباء نے ملی نغمے، جوشیلی تقاریر اور رنگا رنگ ٹیبلوز پیش کیے، جنہوں نے محفل کو مزید پرجوش بنا دیا۔ مقررین نے آزادی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ ایک انمول نعمت ہے جو ہمارے آبا و اجداد کی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے اسلاف کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔
تقریب میں قبائلی عمائدین، سرکاری افسران، اساتذہ، طلباء اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی اور وطنِ عزیز کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے اس دن کو یادگار بنا دیا۔