اسلام آباد: (سیار علی شاہ) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کا خواتین کے حقوق کے حوالے سے موقف بہت واضح ہے، اسلام خواتین کو تعلیم اور جائیداد میں حق دیتا ہے۔ پاکستان ایک اسلامی ملک ہے جس کے آئین میں خواتین کو تعلیم سمیت بنیادی حقوق حاصل ہیں۔ پاکستان افغانستان میں بھی خواتین کو برابری کا خواہاں ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے افغانستان عبوری حکومت کو کالعدم ٹی ٹی پی کی افغان سرزمین کی موجودگی سے متعلق ناقابل تردید شواہد دئیے ہیں، افغان سرزمین پر دہشتگرد تنظیموں کی موجودہ کی تصدیق اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی اداروں نے بھی کی ہے۔ پاکستان افغانستان سے ایک بار پھر ٹی ٹی پی کے خلاف موثر کارروائی کا مطالبہ کرتا ہے۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات سے متعلق سوال کے جواب میں ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات تاریخی اور کئی دہائیوں پر محیط ہیں، پاکستان کا موجودہ عبوری حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ پاکستان میں دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث گروپس کے خلاف کارروائی کرے اور افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال سے روکنے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے۔
اسلام آباد میں ہونے والے ایس سی او سمٹ کے حوالے سے ترجمان وزارت خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ بحیثیت میزبان بھارتی وزیراعظم سمیت ایس سی او کے تمام ممبر ممالک کے سربراہان کو اجلاس میں شرکت کیلئے باقاعدہ دعوت نامے جاری ہوچکے ہیں، اجلاس میں شرکت سے متعلق بعد میں باقاعدہ طور پر تفصیلات جاری کی جائیں گی۔
بلوچستان میں حالیہ دہشتگرد کارروائی کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ حالیہ دہشتگرد کارروائیاں قابل مذمت ہیں، پاکستان ان حملوں میں ملوث اور اسکی پشت پناہی کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی کررہا ہے، اس سلسلے میں سیکورٹی ادارے کام کررہے ہیں۔
ممتاز زہرا بلوچ نے بھارتی وزیر خارجہ کا مقبوضہ کشمیر سے متعلق بیان کو حقائق سے منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے تنازعہ کا واحد حل اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کی قرارداد کے مطابق حل ہے۔ بھارت کا مقبوضہ کشمیر سے متعلق اقدامات یکطرفہ ہیں جس سے یہ مسئلہ حل نہیں ہوسکتا۔ پاکستان بھارت کے ساتھ تمام متنازعہ علاقوں کا حل دوطرفہ مذاکرات سے پرامن طریقے سے چاہتا ہے۔
ممتاز زہرا بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اس سال ہونے والے اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کرینگے، اقوام متحدہ کا اجلاس اہمیت کا حامل ہے، وزیراعظم کے دورے سے متعلق تفصیلات وقت پر جاری ہونگے۔
بنگلہ دیش سے تعلقات کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش پاکستان کا اسلامی دوست ملک ہے، پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ تعلقات مزید بہتر کرنے کا خواہاں ہے۔ پاکستان چاہتا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ ملے۔