پشاور میں اسلحہ بھاری مقدار میں برآمد ہوا ہے۔پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسلحہ برآمد کرلیا
اعلامیہ کے مطابق بھانہ ماڑی اور سربند میں کارروائیوں کے دوران پولیس نے 121 عدد پستول، 18 عدد رائفل، اور متعدد میگزین برآمد کر لیں۔پولیس نے سٹی ڈویژن کے تھانہ بھانہ ماڑی کے روڈ توربابا سٹاپ پر ناکہ بندی کے دوران ایک مشکوک موٹر کار سے غیرقانونی بھاری کھیپ اسلحہ برآمد کرلیا۔کاروائی کے دوران 18عدد رائفل اور 87عدد پستول برآمد کرنے کیساتھ ساتھ پولیس کی تحویل میں غیر قانونی اسلحہ سمگلنگ میں استعمال شدہ گاڑی بھی لے لی گئی ہے۔
اس عمل کے دوران درہ آدم خیل سے تعلق رکھنے والےاشتیاق اور نقیب خان گرفتار کر لیے گئے ہیں۔کینٹ ڈویژن کے تھانہ سربند کی جانب سے بھی اہم کارروائی کے دوران رینگ روڈ پر مشکوک موٹر کار سے اسلحہ کی بڑی تعداد ضبط کی گئی ہے۔ اس عمل کے دوران ملزم حسیب اللہ گرفتار کیا گیا ہے اور اس سے 34 پستول اور 50 سے زیادہ سپیئر میگزین برآمد ہوئےہیں۔پولیس کے مطابق، گرفتار ملزم کا تعلق درہ آدم خیل سے ہے۔مقدمات درج کرکے گرفتار ملزمان کیخلاف مزید تفتیش کا عمل شروع کیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان نے اپنے دوسرے ساتھیوں کے نام بھی اُگل دئیے ہیں، جن کی گرفتاری کو جلد متوقع کیا جا رہا ہے۔