وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشنز پر افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جرأت اور عزم کو سراہا ہے۔
وزیراعظم نے شمالی وزیرستان اور کرم میں کارروائیوں کے دوران 11 خارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں ایک بڑی کامیابی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ پوری قوت سے جاری رکھی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان اور پولیس کے جوان شب و روز ملک دشمن عناصر کے خلاف برسرِ پیکار ہیں اور ان کی قربانیاں قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بہادر اور فرض شناس افسران و جوانوں کی موجودگی میں دشمن پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہیں کر سکتا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم وطنِ عزیز کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی فورسز کے غیر متزلزل عزم میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کی ہر قربانی کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

