وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت آج بجلی کے شعبے میں جاری اصلاحات اور ملک کے دور دراز علاقوں میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں زیادہ خسارے میں چلنے والے بجلی کے فیڈرز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ زیادہ نقصان اٹھانے والے بجلی کے فیڈرز کو کمیونٹی اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے سولرائز کیا جائے، تاکہ ان علاقوں میں بجلی کی مسلسل فراہمی ممکن ہو اور نقصانات میں نمایاں کمی لائی جا سکے۔
اجلاس کو پیسکو (PESCO) اور قیسکو (QESCO) کے خسارے میں چلنے والے فیڈرز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ان فیڈرز کی سولرائزیشن سے مقامی آبادی کیلئے ماحول دوست، کم لاگت اور پائیدار مائیکرو گرڈ قائم ہو جائیں گے، جن میں مقامی آبادی کے ساتھ ساتھ صوبائی اور وفاقی حکومتیں بھی شراکت دار ہوں گی۔
وزیراعظم نے ہدایت دی کہ پیسکو اور قیسکو کے زیادہ خسارے میں چلنے والے فیڈرز میں فوری طور پر پائلٹ پراجیکٹس کا اجراء کیا جائے، جبکہ ان منصوبوں کی کامیابی کیلئے علاقے کے منتخب نمائندوں سے مشاورت اور کمیونٹی کی فعال شرکت کو بھی یقینی بنایا جائے۔
منصوبے کی اصولی منظوری دیتے ہوئے وزیراعظم نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں پائلٹ پراجیکٹس پر فوری کام شروع کرنے کی ہدایت جاری کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس منصوبے سے نہ صرف کم لاگت بجلی پیدا ہوگی بلکہ مستقبل میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے مجموعی نقصانات میں بھی نمایاں کمی واقع ہوگی۔

