وزیراعظم شہباز شریف نے ناشپا بلاک میں تیل اور گیس کے بڑے ذخائر کی دریافت پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ انہوں نے تیل و گیس کی سپلائی چین کو درآمدات سے لے کر صارفین کے استعمال تک ترجیحی بنیادوں پر ڈیجیٹائز کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔
وزیراعظم ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں پٹرولیم ڈویژن سے متعلق امور پر ہونے والے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تیل اور گیس کی ترسیل اور سپلائی چین کی ڈیجیٹائزیشن سے پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ کی روک تھام میں مدد ملے گی اور اس اقدام سے قومی خزانے کو نمایاں فائدہ پہنچے گا۔
اجلاس کو پٹرولیم اور گیس کے شعبے کے روڈ میپ پر بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے ضلع کوہاٹ کے ناشپا بلاک میں تیل اور گیس کے بڑے ذخائر دریافت کیے ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ان ذخائر سے یومیہ تقریباً 4 ہزار 100 بیرل تیل پیدا ہونے کی توقع ہے۔
اجلاس میں یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ رواں موسم سرما کے دوران گھریلو صارفین کو گزشتہ سال کے مقابلے میں بہتر پریشر کے ساتھ گیس فراہم کی جا رہی ہے۔ مزید بتایا گیا کہ آر ایل این جی کنکشنز پر کام تیزی سے جاری ہے اور 3 لاکھ 50 ہزار کنکشنز کا ہدف رواں سال جون تک مکمل کر لیا جائے گا۔
اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ شیوا گیس فیلڈ اور بیٹنی گیس فیلڈ کی پائپ لائنز مکمل کر کے فعال کر دی گئی ہیں، جبکہ کوٹ پالک گیس فیلڈ سے پائپ لائن کی تعمیر پر کام جاری ہے۔

